ایران-امریکا جنگ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال جانیے

ایران-امریکا جنگ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال جانیے
ہماری افواج کسی بھی قسم کے خطرات کا فیصلہ کن، طاقتور اور مؤثر جواب دیں گی: ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی کا کہنا ہے حالیہ برسوں میں ایران کی وزارت دفاع میں جو کچھ حاصل کیا گیا ہے، وہ صرف فوجی سازوسامان کی تیاری تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک مؤثر دفاعی صنعتی انقلاب کی نمائندگی کرتا ہے۔
ہم کسی صورت دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، آخری سانس تک دشمن کیخلاف لڑتے رہیں گے: ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت دھونس اور دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا تاہم جنگ کسی نہ کسی مرحلے پر ختم ہونی ہے اور بہتر یہی ہے کہ اسے آج ہی ختم کی جائے، جب ایران طاقت اور وقار کی پوزیشن میں ہے۔
ایرانی صدر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مذاکرات کے ذریعے طے پانے والا معاہدہ ایک بڑی کامیابی ہے جس کی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔ ایرانی صدر پزشکیان نے کہا کہ معاہدے میں ایک بھی ایسی شق نہیں مل سکتی جو ایران کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کی نشاندہی کرتی ہو۔
اپنی سرزمین اور سلامتی کیخلاف کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کریں گے: قائم مقام وزیر دفاع ایران
ایران کے قائم مقام وزیر دفاع سردار سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ ایران اپنی سرزمین، خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کسی بھی فوجی جارحیت کی اجازت نہیں دے گا۔
تہران میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید مجید ابن الرضا نے کہا کہ ایران نے کبھی کسی ملک کے خلاف جارحیت کا آغاز نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ کرے گا تاہم ملک پر کسی بھی فوجی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ایران اور عراق بیرونی جارحیت اور دباؤ کے آگے متحد ہو کر ساتھ کھڑے رہیں گے: باقر قالیباف
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اور عراق کسی بھی جارحیت کیخلاف متحد ہو کر کھڑے رہیں گے۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ایران اور عراق بیرونی جارحیت اور دباؤ کے آگے سر تسلیم خم نہیں کریں گے، دونوں ممالک کےدرمیان تعلق کو کسی صورت تھوڑا نہیں جاسکتا۔
قالیباف کے مطابق ایران اور عراق کے درمیان اتحاد قرآن، مشترکہ ثقافتی و روحانی ورثے اور اسلامی اقدار میں جڑا ہوا ہے۔
آبنائے ہرمز کے قریب نگرانی کرنے والا امریکی طیارہ ہنگامی سگنل جاری کرنے کے بعد غائب ہوگیا
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فضائیہ کے نگرانی کرنے والے طیارے نے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے قریب پرواز کے دوران ایمرجنسی سگنل جاری کیا جس کے بعد وہ اس علاقے سے اچانک غائب ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی سگنل سامنے آنے کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں طیارے کو ممکنہ طور پر انٹرسیپٹ یا حملے کا سامنا ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں تاہم ابھی تک کسی امریکی یا دیگر حکام نے طیارے پر حملے نقصان یا مار گرائے جانے کی تصدیق نہیں کی۔
ایران صحیح معاہدہ کرنے کیلئے تیار نہیں، آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے: ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے اس مؤقف کا اظہار کیا ہے کہ ایران اختلافات برقرار رہنے کے باوجود معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔
جوائنٹ بیس اینڈریوز سے جنوبی کیرولائنا کے شہر مرٹل بیچ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن میری رائے میں وہ صحیح معاہدہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس پیسہ نہیں، بحریہ اور فضائیہ نہیں، جبکہ وہ اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کر رہا۔
ایران نے خطرات کیخلاف مضبوط دفاعی حصار قائم کرلیا ہے: سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر ان چیف احمد واحیدی نے کہا ہے کہ ایران کی موجودہ دفاعی اور جارحانہ صلاحیتوں میں اضافے کی حکمت عملی کو جاری رکھنا ہی واحد دانشمندانہ اور مؤثر حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میدانِ جنگ کو نئی نوعیت کی مشترکہ اور فوجی جارحیت کا سامنا ہے، تاہم ایران نے اپنے دشمنوں اور ایران کے بدخواہوں کی جانب سے لاحق خطرات کے خلاف ایک مضبوط دفاعی حصار قائم کرلیا ہے۔
احمد واحیدی نے ظالمانہ اور متکبرانہ پابندیوں کے دور میں ایران کی دفاعی صنعت کی جانب سے ملک کی ’’دفاعی و جارحانہ صلاحیتوں اور باز رکھنے والی طاقت‘‘ کی تیاری کو سراہا۔
ان کے یہ بیانات ایران کے قومی یومِ دفاعی صنعت کے موقع پر وزیر دفاع کو بھیجے گئے ایک پیغام میں سامنے آئے۔
ایران نے عراقی آئل ٹینکروں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دیدی
ایران نے عراقی آئل ٹینکروں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دیدی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عراق کی درخواست پر کئی عراقی ٹینکروں کو ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
کوئی ملک غیرملکی اداروں کوکسی تیسرے ملک سے تجارت سے نہیں روک سکتا، ایران
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیاں صرف ایران کے خلاف معاشی جنگ تک محدود نہیں ہیں، کوئی ملک غیرملکی اداروں کوکسی تیسرے ملک سے تجارت سے نہیں روک سکتا۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا ایسی پابندیوں کی بین الاقوامی قانون میں کوئی قانونی بنیادنہیں ہے، امریکی پابندیاں اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔

